مرشدی حضرت مصلح الامت
مولیٰنا شاہ وصی اللہ صاحب رحمتہ اللہ عالیہ
مصلح الامت و وصی اللہ
میرے حضرت کے نام آتے ہیں
ہیں اکابر جہاں میں جتنے بھی
سب کے ان کو سلام آتے ہیں
ماہِ رمضان میں الہٰ آباد
جو گئے شاد کام آتے ہیں
ان کی مجلس سے پختہ کار اٹھے
گھر میں اپنے جو خام آتے ہیں
مفتی و قاضی و حکیم و عدیل
کوئی تیز گام آتے ہیں
زندگی ہی سنور گئی سب کی
کتنے اچھے نظام آتے ہیں
ان کے در پر حضور قلب لئے
شیخ بااحترام آتے ہیں
صحنِ گلشن میں سیر کرنے کو
کون یہ خوش خرام آتے ہیں
بارہا وہ جبینِ شوق لئے
سوئے بیت الحرام آتے ہیں
رہبرِ دیں جدھر سے گزرے ہیں
چھوڑ نقشِ دوام آتے ہیں
جس سے روشن ہوئے سراج الحق
وہی عالی مقام آتے ہیں
معرفت حق کی جس نے بخشی ہے
عارف لاکلام آتے ہیں
بمبئی ہو کہ وہ علی گڑھ ہو
دیکھنے ازدحام آتے ہیں
ہر جگہ مرجع خلائق ہیں
ملحِ خاص و عام آتے ہیں
وہ طریقت ہویا شریعت ہو
ان کے فیضان کام آتے ہیں
بات جو بھی خلافِ سنّت ہو
اس پہ وہ بے نیام آتے ہیں
ہیں جلو میں مہ و نجوم کئی
جب وہ ذی احتشام آتے ہیں
نور ہی نور ہیں جدھر دیکھو
جلوہ آرائے بام آتے ہیں
ساتھ ہی ان کے ہے کتابِِ مبیں
اور قاری امام آتے ہیں
حضرت عبدالحکیم و جامی کو
ہمرہی کے پیام آتے ہیں
ساتھ قمرالزماں ہیں جلوہ نما
جب وہ بدرالتمام آتے ہیں
مشوروں کے لئے صلاح الدین
کرکے کچھ اہتمام آتے ہیں
بھائی عبدالولی کی بن آئ
جب وہ عالی مقام آتے ہیں
چل رہی ہے سبیلِ آبِِ حیات
جب سے وہ مئے بجام آتے ہیں
پاس نعلین کے جگہ دے دیں
قیسی تشنہ کام آتے ہیں
________________
قیسی الفاروقی
دیوریا. ٥ دسمبر٧٥ء
_________________________
|
Manqabat Maulana Shah Wasiullah Sahab |